ڈالر کی قیمت میں پھر سے اضافہ ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق آج ڈالر کے انٹربینک ریٹ میں 41 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا ہے جس کے بعد ڈالر کی قیمت 280 روپے 50 پیسے پر پہنچ گئی ہے۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 281 روپے 50 پیسے پر مستحکم ہے، خیال رہے کہ گزشتہ روز ڈالر کی اوپن مارکیٹ اور انٹر بینک قیمتوں میں اضافہ ہوا تھا۔
دوسری جانب ملکی ذرمبادلہ کے ذخائر کم ہو گئے، بیرونی ادائیگیوں کے باعث ملکی ذرمبادلہ کے ذخائر کم ہوئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے زرمبادلہ کے ذخائر کے اعداد و شمار کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی ہے۔ زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر میں گزشتہ ہفتہ کے دوران 21 کروڑ 98 لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 20 اکتوبر تک زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر کی مجموعی مالیت 7 ارب 49 کروڑ 42 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی،کمرشل بینکوں کے ذخائر میں 3 کروڑ 75 لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی،کمرشل بینکوں کے پاس 5 ارب 16 کروڑ 14 لاکھ ڈالر کے ذخائر موجود ہیں جبکہ زرمبادلہ کے مجموعی ملکی ذخائر 12 ارب 65 کروڑ 56 لاکھ ڈالر کی سطح پر ہیں۔
ڈالر کے برعکس صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ کاروباری ہفتے کے اخری روز صرافہ مارکیٹ مین سونا 50 روپے فی تولہ سستا ہو گیا ہے جس کے بعد سونے کی فی تولہ قیمت 2 لاکھ 11 ہزار 300 روپے ہو گئی ہے۔