سونے کی قیمت میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہو گیا۔ 24 قیرات سونے کی فی تولہ قیمت میں 1800 روپے اضافہ ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق صرافہ بازار میں 24 قیرات سونے کی فی تولہ قیمت میں 1800 روپے اضافہ ہوا ہے جس کے بعد 24 قیرات سونے کی فی تولہ قیمت قیمت 2 لاکھ 11 ہزار 400 روپے ہو گئی ہے جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت میں 1542 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد 10 گرام سونے کی قیمت ایک لاکھ 81 ہزار 240 روپے ہو گئی ہے۔ سونے کی قیمت میں اضافہ عالمی مارکیٹ میں سونا مہنگا ہونے کے بعد ہوا ہے۔ عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 2 ہزار ڈالر ہو گئی ہے۔
دوسری جانب پاکستانی روپے کے مقابلے امریکی ڈالر کے ریٹ میں ایک بار پھر سے اضافہ دیکھا گیا ہے اور ڈالر ایک روپیہ 7 پیسے کی بڑھوتری سے 280 روپے 50 پیسے پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔ جبکہ سٹاک مارکیٹ میں 336 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا اور 100 انڈیکس 51 ہزار 365 پوائنٹس پر ٹریڈ ہونے لگا ہے۔
اسی طرح یکم نومبر سے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ یکم نومبر سے پٹرول کی قیمت میں 3 روپے 55 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 82 پیسے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔ یاد رہے کہ 16 اکتوبر کو ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 40 روپے فی لیٹر کمی کی گئی تھی جس کے بعد امکان ظاہر کیا گیا تھا کہ یکم نومبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی ہوگی تاہم عالمی سطح پر خام تیل کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔