حیدرآباد میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ملزمان کی شناخت کے لیے پولیس کے ہمراہ جانے والا مدعی مقدمہ فائرنگ کی زد میں آکر جان کی بازی ہار گیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیس نے مدعی کی نشاندہی پر چھاپہ مارا تو ملزمان نے اچانک فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں مدعی موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔
حکام کے مطابق دو روز قبل علاقے میں دو گروہوں کے درمیان جھگڑا ہوا تھا، جس کے دوران فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا تھا۔ اس واقعے کے بعد مقدمہ درج کیا گیا اور مدعی کو پولیس کے ساتھ ملزمان کی نشاندہی کے لیے لے جایا گیا، تاہم جیسے ہی پولیس نے کارروائی شروع کی تو ملزمان نے گولیوں کی بوچھاڑ کر دی۔
پولیس نے اس واقعے میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔