شیخوپورہ: پولیس نے شرقپور کے علاقے سے اغوا کی جانے والی خاتون اور اس کی دو بیٹیوں کو لاہور سے بحفاظت بازیاب کروا لیا۔ ڈی پی او شیخوپورہ بلال ظفر کے مطابق شرقپور کے علاقے مہتمم شریف سے ملزم طارق نے خاتون ثناء اور اس کی دو بیٹیوں کو زبردستی اغوا کیا تھا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے لاہور میں ایک مقام پر چھاپہ مارا اور مغوی خواتین کو بحفاظت بازیاب کروا کر ملزم طارق کو گرفتار کر لیا۔
بازیابی کے بعد مغوی خاتون ثناء نے پولیس کو دیے گئے بیان میں الزام عائد کیا کہ ملزم طارق اسے زبردستی زیادتی کا نشانہ بناتا رہا۔ ڈی پی او بلال ظفر شیخ نے یقین دہانی کرائی کہ کیس کی مکمل اور غیر جانبدار تحقیقات کی جائیں گی، اور انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ پولیس ملزم سے مزید تفتیش کر رہی ہے اور اسے جلد عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ یہ واقعہ علاقے میں خوف و ہراس کا باعث بنا تھا، تاہم پولیس کی بروقت کارروائی سے مغوی خواتین کی بازیابی ممکن ہو سکی۔