پتوکی: نجی بینک کے ملازم محمد اعظم کے اندھے قتل کی گتھی پولیس نے سلجھا لی، قاتل کوئی اور نہیں بلکہ مقتول کا سوتیلا بھتیجا سمیع الرحمان نکلا، جس نے اپنے دوست ہارون کے ساتھ مل کر زمین ہتھیانے کی غرض سے محمد اعظم کو قتل کیا۔ 20 جنوری کو محمد اعظم، جو ایک نجی بینک میں ملازم تھا، اپنی ڈیوٹی مکمل کرکے ماجرہ گاؤں میں اپنے گھر واپس جا رہا تھا کہ نامعلوم ملزمان نے اس پر فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔ ملزمان نے واقعے کو ڈکیتی کا رنگ دینے کی کوشش کی تاکہ پولیس کو گمراہ کیا جا سکے۔
محمد اعظم کی بہن نازیہ تبسم کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا، جس کے بعد پولیس نے جدید اور سائنسی بنیادوں پر تحقیقات کا آغاز کیا۔ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت کا استعمال کرتے ہوئے مقتول کے سوتیلے بھتیجے سمیع الرحمان اور اس کے دوست ہارون کو گرفتار کر لیا۔ دورانِ تفتیش ملزم سمیع الرحمان نے اعتراف کیا کہ اس نے زمین ہتھیانے کے لیے اپنے دوست ہارون کے ساتھ مل کر منصوبہ بنایا اور محمد اعظم کو گولی مار کر قتل کر دیا۔ پولیس حکام کے مطابق یہ قتل جائیداد کے تنازع کا شاخسانہ نکلا۔ ملزم نے پہلے سے طے شدہ منصوبے کے تحت دوست کی مدد سے مقتول کو راستے سے ہٹایا اور واقعے کو ڈکیتی کا رنگ دینے کی ناکام کوشش کی۔ ملزمان کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے اور انہیں جلد عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ انہیں قرار واقعی سزا دی جا سکے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جدید تفتیشی طریقوں کی بدولت ایک اور اندھے قتل کا سراغ لگا لیا گیا، جس سے انصاف کی فراہمی ممکن ہوسکے گی