ویرات کوہلی نے اپنی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ریٹائرمنٹ واپس لینے کے لیے ایک منفرد اور دلچسپ شرط رکھ دی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق، کوہلی نے کہا ہے کہ اگر بھارتی کرکٹ ٹیم 2028 کے لاس اینجلس اولمپکس کے فائنل میں پہنچتی ہے، تو وہ اس میچ کے لیے ریٹائرمنٹ واپس لینے پر غور کریں گے۔
یہ بیان انہوں نے آئی پی ایل فرنچائز رائل چیلنجرز بنگلور کی ایک خصوصی تقریب میں دیا، جہاں میزبان عیسیٰ گوہا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مذاقاً کہا کہ وہ "چپکے سے” ٹیم میں شامل ہو کر فائنل کھیل سکتے ہیں اور گولڈ میڈل جیت کر گھر واپس آ سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ ویرات کوہلی نے بھارت کے 2024 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے کے بعد جون میں اس فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔ لیکن 2028 میں کرکٹ کی اولمپکس میں واپسی کے تناظر میں ان کا یہ تبصرہ شائقین کے لیے دلچسپ ہے۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ 2028 کے لاس اینجلس اولمپکس میں کرکٹ 128 سال بعد واپس آ رہی ہے، اس سے قبل کرکٹ 1900 کے اولمپکس میں شامل کی گئی تھی۔ اولمپکس میں متوقع طور پر ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ٹورنامنٹ کھیلا جائے گا، جس میں مختلف ٹیمیں گولڈ میڈل کے لیے مقابلہ کریں گی۔
کوہلی نے اولمپکس میں کرکٹ کی شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں کھیلی جانے والی ٹی ٹوئنٹی لیگز، بشمول آئی پی ایل، نے اس میں اہم کردار ادا کیا ہے، اور اولمپک چیمپئن بننا کسی بھی کرکٹر کے لیے ایک بڑی کامیابی ہوگی۔