کراچی: پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر ثقلین مشتاق نے بھارت کو چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارتی ٹیم خود کو واقعی بہترین سمجھتی ہے تو وہ پاکستان کے خلاف 10 ٹیسٹ، 10 ون ڈے اور 10 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے، تاکہ واضح ہو سکے کہ کونسی ٹیم زیادہ مضبوط ہے۔
ثقلین مشتاق نے کہا کہ اگر سیاست کو کرکٹ سے الگ کر دیا جائے تو بھارتی ٹیم ایک اچھی ٹیم ہے اور وہ شاندار کرکٹ کھیل رہی ہے۔ تاہم، پاکستان ٹیم کو اندرونی مسائل کا سامنا ہے، جن میں کپتانی، سلیکشن کمیٹی، مینجمنٹ اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے عہدیداروں کی بار بار تبدیلیاں شامل ہیں۔ سابق اسپنر کا مزید کہنا تھا کہ اگر پاکستان کرکٹ میں صحیح منصوبہ بندی اور تیاری کی جائے تو قومی ٹیم بھارت سمیت دنیا بھر کی ٹیموں کو مضبوط جواب دے سکتی ہے۔
ثقلین مشتاق کے اس چیلنج نے سوشل میڈیا اور کرکٹ شائقین میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ پاک بھارت کرکٹ ہمیشہ سے دلچسپ اور جذباتی رہی ہے، جبکہ کچھ کا ماننا ہے کہ حالیہ برسوں میں بھارت نے کارکردگی کے لحاظ سے پاکستان کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے گروپ اسٹیج میں بھارت نے پاکستان کو یکطرفہ شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا تھا، جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان مزید میچز کے حوالے سے بحث تیز ہو گئی ہے۔