لاہور: ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں ایک شخص کو خاتون کو اغوا کرنے کی کوشش کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا. تفصیلات کے مطابق ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر ایک کال موصول ہوئی، جس میں کالر نے اطلاع دی کہ ایک مسلح شخص خاتون کو زبردستی اغوا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن کے ترجمان کے مطابق پولیس ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی اور ملزم کو تلاش کرکے گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران پتا چلا ہے کہ ملزم ڈیڑھ ماہ سے خاتون کو بلیک میل کر رہا تھا، ملزم گھر میں زبردستی داخل ہوا اور اسلحے کے زور پر خاتون کو اغوا کرنے کی کوشش کی لیکن خاتون کے شور مچانے پر ملزم جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہو گیا تھا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔