کراچی: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے، افتتاحی میچ میں پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جا رہا ہے، جہاں کرکٹ شائقین کی بڑی تعداد اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لیے موجود ہے۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کپتان محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ نیوزی لینڈ کو کم سے کم اسکور پر محدود کریں اور بڑے مارجن سے میچ جیتیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرائی سیریز میں جو غلطیاں ہوئیں، ان پر قابو پانے کی کوشش کریں گے اور انہیں چیمپئنز ٹرافی میں نہیں دہرائیں گے۔ رضوان نے مزید بتایا کہ ٹیم کے اہم فاسٹ بولر حارث رؤف مکمل فٹ ہو چکے ہیں اور وہ آج کا میچ کھیل رہے ہیں، جو پاکستان کے لیے خوش آئند خبر ہے۔ نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس ہارنے کے بعد کہا کہ ان کی ٹیم اپنے کمبی نیشن سے مکمل طور پر مطمئن ہے اور وہ بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان 118 ون ڈے میچز ہو چکے ہیں، جن میں پاکستان نے 61 اور نیوزی لینڈ نے 50 میچز جیتے ہیں، جبکہ 7 میچز بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔ تاہم چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان اب تک نیوزی لینڈ کو شکست نہیں دے سکا۔ دونوں ٹیمیں اس ایونٹ میں تین مرتبہ آمنے سامنے آ چکی ہیں، جن میں دو سیمی فائنل بھی شامل ہیں، اور تینوں مرتبہ نیوزی لینڈ نے فتح حاصل کی۔
پاکستان نے ایک تبدیلی کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے، اور ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ محمد رضوان (کپتان)، سلمان علی آغا (نائب کپتان)، فخر زمان، بابر اعظم، سعود شکیل، طیب طاہر ، خوشدل شاہ، ابرار احمد، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف۔ جبکہ نیوزی لینڈ ٹیم میں مچل سینٹنر (کپتان)، ول ینگ، ڈیون کانوے، کین ولیمسن، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم، گلین فلپس، مائیکل بریسویل، ناتھن اسمتھ، میٹ ہنری اور ول اورکے شامل ہیں
پاکستانی ٹیم بطور دفاعی چیمپئن میدان میں اتری ہے، جس پر تھوڑا دباؤ ضرور ہے، لیکن شائقین کو امید ہے کہ ٹیم بہترین کھیل پیش کرے گی۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ اپنی جیت کا تسلسل برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔