لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پتوکی میں کھلے مین ہول میں گر کر معمر خاتون سمیت دو افراد کی ہلاکت پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوری اقدامات کا حکم دیا۔ مریم نواز کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) قصور اور اسسٹنٹ کمشنر (اے سی) پتوکی کو عہدوں سے ہٹا کر او ایس ڈی بنا دیا گیا، جبکہ پتوکی کے چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اور ایم او انفراسٹرکچر اینڈ سینیٹیشن کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے غفلت برتنے والے دیگر سرکاری ملازمین کے خلاف بھی سخت کارروائی کی ہدایت کی اور کہا کہ "عوام کو سرکاری افسران کی غفلت کی بھینٹ نہیں چڑھنے دوں گی۔”انہوں نے واقعے کو انتہائی افسوسناک اور ناقابلِ برداشت قرار دیتے ہوئے کہا کہ "غفلت کی وجہ سے دو قیمتی جانیں ضائع ہوئیں، ذمہ داروں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔”