سیہون میں پیش آنے والے ٹریفک حادثے پر پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ عظمیٰ بخاری نے اس المناک حادثے پر سیاست کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ جس سڑک کا ذکر کیا جا رہا ہے، وہ نیشنل ہائی وے کا حصہ ہے، اور اس کی مرمت و تعمیر وفاقی حکومت کی ذمہ داری تھی، جو ن لیگ کی نااہلی کے باعث مکمل نہ ہو سکی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کی وزیر اطلاعات جب بھی بیان دیں تو پہلے سوچ لیا کریں کہ جواب ضرور آئے گا۔
عظمیٰ بخاری نے شرجیل میمن کی تنقید کا بھرپور جواب دیتے ہوئے کہا کہ جب آئینہ دکھایا تو برا مان گئے، صوبائیت کا کارڈ کھیلنا پیپلز پارٹی کی پرانی عادت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں جو بڑے ترقیاتی منصوبے چل رہے ہیں، وہ وفاق کی مدد کے بغیر ممکن نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں اسکولوں کی حالت خستہ حال ہے، جہاں جانور بندھے نظر آتے ہیں، جبکہ ٹرانسپورٹ کے مسائل بھی سالوں سے برقرار ہیں۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کی 16 سالہ حکومتی کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کی ایک سالہ کارکردگی کا موازنہ کرنے کے لیے جب دل چاہے کرلیں۔
عظمیٰ بخاری نے طنزیہ انداز میں کہا، "جو جماعت 16 سال میں کراچی کا کچرا نہیں اٹھا سکی، وہ ہمیں لیکچر نہ دے۔ اگر کبھی صفائی اور خوبصورت سڑکیں دیکھنے کا شوق ہو تو لاہور کا چکر ضرور لگائیں۔”