سلام آباد: (عدالتی رپورٹر) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج، جسٹس طارق محمود جہانگیری نے وکلا کو گاڑیوں کی نمبر پلیٹس پر "ایڈووکیٹ” لکھنے سے روک دیا، اسے غیر قانونی قرار دے دیا۔ یہ بیان اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے وکلا میں سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب کے دوران سامنے آیا، جہاں جسٹس طارق جہانگیری نے وکلا سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں اسلام آباد کی عدالتیں راولپنڈی کے گلی محلوں میں قائم تھیں، جہاں وکلا کو کیسز ملتوی کرانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا، مگر آج وکلا کو جدید کورٹ کمپلیکس کی سہولت حاصل ہے۔
جسٹس طارق جہانگیری نے وکلا کو محنت اور تیاری کا درس دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی وکیل کیس کی تیاری کے بغیر عدالت میں آتا ہے تو یہ دیکھ کر افسوس ہوتا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ جب وہ خود ہائیکورٹ میں وکالت کرتے تھے تو ہر کیس کے لیے ساری رات تیاری کیا کرتے تھے. انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کبھی کسی عہدے کے لیے سفارش نہیں کرائی، بلکہ محنت اور ایمانداری سے کام کیا، جس کے نتیجے میں ہائیکورٹ کا جج بننے کا موقع ملا۔
جسٹس طارق جہانگیری نے واضح طور پر کہا کہ گاڑی کی نمبر پلیٹ پر "ایڈووکیٹ” لکھنا غیر قانونی ہے۔ یہ بیان اس پس منظر میں آیا ہے کہ کئی وکلا اپنی گاڑیوں پر "ایڈووکیٹ” لکھوا کر خصوصی رعایت یا استثنیٰ حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں، جو قانون کے مطابق درست نہیں۔