کراچی: (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں ایک اور ٹریفک حادثہ جان لیوا ثابت ہوا، جس کے بعد رواں سال 2025 میں ٹریفک حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 108 تک پہنچ گئی۔ پولیس کے مطابق تازہ حادثہ کراچی کے علاقے ملیر میمن گوٹھ میں پیش آیا، جہاں ایک شخص زندگی کی بازی ہار گیا۔ ریسکیو ورکرز کے مطابق حادثہ ایک ڈمپر کی ٹکر سے پیش آیا، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں ڈمپر کی موجودگی کے شواہد نہیں ملے۔ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔
رپورٹ کے مطابق کراچی میں سال 2024 کے دوران مختلف ٹریفک حادثات میں 482 افراد جاں بحق اور 410 زخمی ہوئے تھے۔ رواں سال کے ابتدائی مہینوں میں ہی اموات کی بڑھتی ہوئی تعداد تشویشناک ہے، جس کی بنیادی وجوہات میں تیز رفتاری، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور بھاری گاڑیوں کی شہر میں آزادانہ نقل و حرکت شامل ہیں۔
کراچی میں مسلسل بڑھتے حادثات کے پیش نظر سندھ حکومت نے دن کے وقت شہر میں ڈمپروں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ نئے احکامات کے تحت ڈمپروں کو صرف رات 11 بجے سے صبح 6 بجے تک شہر میں داخلے کی اجازت ہوگی۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے مزید سخت اقدامات کی ضرورت ہے، تاکہ قیمتی جانوں کے ضیاع کو کم کیا جا سکے۔