دبئی: (اسپورٹس ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کی انعامی رقم کا اعلان کر دیا۔ آئی سی سی کے مطابق اس ایڈیشن میں انعامی رقم میں 53 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جس سے مجموعی رقم 69 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ اعلامیے کے مطابق، چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی ٹیم کو 22 لاکھ 40 ہزار ڈالر دیے جائیں گے، جبکہ رنر اپ ٹیم 11 لاکھ 20 ہزار ڈالر کی حقدار ہوگی۔ سیمی فائنل میں شکست کھانے والی دونوں ٹیموں کو 5 لاکھ 60 ہزار ڈالر ملیں گے۔
علاوہ ازیں گروپ مرحلے میں ہر جیت پر 34,000 ڈالر، پانچویں اور چھٹے نمبر پر آنے والی ٹیموں کو 3 لاکھ 50 ہزار ڈالر جبکہ ساتویں اور آٹھویں نمبر پر آنے والی ٹیموں کو1 لاکھ 40 ہزار ڈالر اور ہر ٹیم کو شرکت کے لیے 1 لاکھ 25 ہزار ڈالر دیے جائیں گے
یاد رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025، 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان کی میزبانی میں ہوگی، جو 1996 کے بعد ملک میں پہلا آئی سی سی ٹورنامنٹ ہوگا۔ ٹورنامنٹ کے میچز کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے، جبکہ بھارتی ٹیم اپنے تمام میچز دبئی میں کھیلے گی۔ ٹورنامنٹ میں 8 ٹیمیں حصہ لیں گی، جو دو گروپوں میں تقسیم ہوں گی۔ ہر گروپ کی دو بہترین ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ شائقین کرکٹ کو ایک سنسنی خیز ایونٹ کی توقع ہے، جہاں دنیا کی بہترین ٹیمیں ٹرافی کے لیے مدمقابل ہوں گی۔