کراچی (ویب ڈیسک) – کئی روز سے جناح اسپتال کے شعبہ نفسیات میں زیر علاج امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنس وطن واپسی کے لیے روانہ ہو گئیں۔ وہ رات 10 بج کر 40 منٹ پر دبئی کے لیے روانہ ہوئیں، جہاں سے وہ 8 فروری کو نیویارک پہنچیں گی۔ ذرائع کے مطابق، امریکی قونصل خانے اور ایف آئی اے کے اہلکاروں کی نگرانی میں خاتون کا ڈسچارج کارڈ تیار کیا گیا۔ قونصل خانے کے اہلکاروں نے جناح اسپتال کے خصوصی وارڈ میں خاتون سے ملاقات کی اور انہیں وطن واپسی پر آمادہ کیا۔
امریکی خاتون کے جناح اسپتال میں مختلف ٹیسٹ کیے گئے، اور میڈیکل رپورٹس مکمل ہونے کے بعد انہیں وطن واپس بھیجا گیا۔ خاتون مبینہ طور پر ایک نوجوان کی محبت میں گرفتار ہو کر کراچی آئی تھیں، تاہم بعد میں انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ واضح رہے کہ خاتون کی واپسی کا عمل امریکی اور پاکستانی حکام کی مشترکہ نگرانی میں مکمل کیا گیا۔