اسلام آباد – اسلام آباد ہائی کورٹ میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے ملاقات نہ کرانے کے معاملے پر سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے علی امین گنڈاپور کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ عدالتی حکم کے باوجود علی امین گنڈاپور کو عمران خان سے جیل میں ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی، جو توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔
سماعت کے دوران عدالت نے اڈیالہ جیل انتظامیہ کے رویے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ عدالت نے واضح کیا کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 12 فروری تک ملتوی کر دی ہے، جس میں سپرنٹنڈنٹ جیل کو وضاحت پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔