راولپنڈی – پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں اپنی قانونی ٹیم میں تبدیلی کر دی ہے۔ عمران خان کی نئی قانونی ٹیم میں ایڈووکیٹ وحید انجم، عرفان نیازی، فیصل چودھری اور محمد عمران شامل ہیں۔ ان وکلاء کو کیس کی مزید مؤثر پیروی کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ عمران خان کی نئی لیگل ٹیم نے اپنے مؤکل سے جیل میں ملاقات کے لیے باضابطہ درخواست دائر کی تھی، جسے انسداد دہشت گردی عدالت نے منظور کر لیا ہے۔ عدالت نے اڈیالہ جیل حکام کو حکم دیا ہے کہ وہ وکلاء کی عمران خان سے ملاقات کے انتظامات کریں۔
ذرائع کے مطابق، پی ٹی آئی کی نئی قانونی ٹیم آج اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کرے گی۔ ملاقات کے دوران وکلاء کیس سے متعلق اہم قانونی حکمتِ عملی پر مشاورت کریں گے اور آئندہ عدالتی کارروائی کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کریں گے۔