بھارتی ریاست مغربی بنگال کے ضلع ہاوڑہ میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا، جہاں ایک خاتون نے اپنے شوہر کو گردہ فروخت کرنے پر مجبور کیا اور پھر 10 لاکھ روپے لے کر بوائے فرینڈ کے ساتھ فرار ہوگئی۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، خاتون نے شوہر کو قائل کیا کہ اگر وہ اپنا گردہ فروخت کردے تو خاندانی مالی مشکلات حل ہو جائیں گی اور بیٹی کی شادی کے اخراجات پورے کیے جا سکیں گے۔ شوہر نے بیوی کی باتوں پر یقین کرتے ہوئے گردہ فروخت کر دیا۔ بیوی کا بوائے فرینڈ، روی داس سے تعارف فیس بک پر ہوا تھا۔ گردہ فروخت ہونے کے بعد، خاتون نے 10 لاکھ روپے کی رقم لی اور اپنے آشنا کے ساتھ فرار ہو گئی۔
جب شوہر کو دھوکہ دہی کا احساس ہوا تو اس نے فوری طور پر پولیس سے مدد طلب کی۔ پولیس نے تحقیقات کے بعد دونوں کو ڈھونڈ نکالا اور اس مقام پر پہنچ گئی جہاں خاتون عاشق کے ساتھ چھپی ہوئی تھی۔ بیوی نے شوہر سے بات کرنے سے انکار کر دیا اور طلاق کی دھمکی دے دی۔ شوہر، سسر، ساس، اور بچوں کی بار بار منت سماجت کے باوجود خاتون گھر سے باہر نہ نکلی۔
صورتحال پر شوہر شدید پریشان ہوگیا اور انصاف کے لیے دوبارہ پولیس سے مدد کی درخواست کی۔
بھارت میں 1994 سے انسانی اعضا کی فروخت غیر قانونی ہے، لیکن ڈاکٹروں کے مطابق عطیہ دہندگان کی کمی کی وجہ سے یہ کاروبار اب بھی خفیہ طور پر جاری ہے۔