اسلام آباد: وفاقی کابینہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے یوٹیلیٹی اسٹورز کے بغیر ایک نیا رمضان پیکیج متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ جس کے مطابق حکومت کی جانب سے براہِ راست سبسڈی فراہم کی جائے گی، تاکہ عام شہریوں کو اشیائے خورونوش کم قیمت پر دستیاب ہوں۔اس مرتبہ رمضان پیکیج یوٹیلیٹی اسٹورز کے بجائے عام مارکیٹ میں لاگو کیا جائے گا، تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سے مستفید ہو سکیں۔سبسڈی کا طریقہ کار ڈیجیٹل اور شفاف بنایا جائے گا تاکہ اس کا فائدہ صرف مستحق افراد کو ہی پہنچے۔
ذرائع کے مطابق، اس اقدام کا مقصد یوٹیلیٹی اسٹورز پر لمبی قطاروں، بدانتظامی، اور ذخیرہ اندوزی جیسے مسائل سے بچنا ہے۔ اس کے بجائے، حکومت ایک ایسا نظام متعارف کر رہی ہے جس میں رمضان المبارک کے دوران عوام کو براہِ راست ریلیف دیا جا سکے۔وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی ہے کہ رمضان سے قبل اس پیکیج کو تیزی سے نافذ کیا جائے تاکہ عوام کو بروقت فائدہ پہنچ سکے۔