اسلام آباد: حکومتِ پاکستان نے 5 فروری کو یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کا نوٹیفیکشن جاری کر دیا
یہ دن ہر سال کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے طور پر منایا جاتا ہے، جس کا مقصد بھارت کے زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کی جدوجہدِ آزادی کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور عالمی برادری کی توجہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی طرف مبذول کروانا ہے۔
یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ملک بھر میں سیمینارز، ریلیاں، اور خصوصی تقاریب منعقد کی جائیں گی، جن میں کشمیر کے عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے حمایت کا اعادہ کیا جائے گا۔
حکومت کے مطابق اس موقع پر سرکاری و نجی دفاتر، تعلیمی ادارے، اور کاروباری مراکز بند رہیں گے، جبکہ میڈیا اور عوامی پلیٹ فارمز پر کشمیریوں کے حق میں خصوصی پیغامات نشر کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان میں 1990 سے ہر سال 5 فروری کو یومِ یکجہتی کشمیر کے طور پر منایا جا رہا ہے۔