واشنگٹن:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کان کنی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں امریکی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے پاکستان میں بے شمار کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھانے پر زور دیا ہے۔
محسن نقوی نے یو ایس چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا اور امریکا پاکستان بزنس کونسل کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں مائننگ اور آئی ٹی سیکٹر میں سرمایہ کاری اور تعاون کو فروغ دینے کے امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے اس موقع پر امریکی کمپنیوں کے مسائل توجہ سے سنے اور ان کے حل کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں، اور امریکی کمپنیاں ان سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔
محسن نقوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ یو ایس پاکستان بزنس کونسل، پاکستان کی معیشت میں موجود ترقی کے امکانات کا بھرپور فائدہ اٹھا سکتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان معاشی استحکام کی طرف گامزن ہے، تمام معاشی اشاریے بہتری کی جانب جا رہے ہیں، اور ملکی معیشت ترقی کے راستے پر ہے۔
انہوں نے امریکی سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ وہ پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع کا حصہ بنیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ ملک میں سرمایہ کاری کے عمل کو سہل بنایا جا رہا ہے، اور ضروری این او سی کے اجراء میں نمایاں بہتری لائی گئی ہے۔
وفاقی وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ امریکا پاکستان بزنس کونسل کے لیے ترجیحی بنیادوں پر خصوصی سہولتیں فراہم کی جائیں گی، اور تمام ضروری رکاوٹوں کو جلد دور کیا جائے گا۔
امریکن چیمبر آف کامرس کے سینئر نائب صدر چارلس فریمین، امریکا پاکستان بزنس کونسل کی صدر ایسپیرنزا جیلالین، اور دیگر اہم رہنما اس ملاقات میں شریک تھے۔ پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ، ٹریڈ اتاشی اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔