لاہور:پنجاب بھر میں خشک موسم کے باعث سردی کی شدت میں نمایاں کمی آگئی ہے، اور اس موسم کا دورانیہ بھی معمول سے کم رہ گیا ہے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں جنوری کے مہینے میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات نمایاں ہونے لگے ہیں، جہاں سردی کی جگہ موسمِ بہار کی جھلک دیکھنے کو مل رہی ہے۔ لاہور سمیت پنجاب کے دیگر علاقوں میں خشک موسم جاری ہے، جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں اضافہ ہو رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس سال سردی کا موسم نہ صرف مختصر رہا بلکہ اس کی شدت بھی کم تھی۔ آئندہ دو سے تین روز تک بارش کا کوئی امکان نہیں، اور موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔
لاہور میں گزشتہ روز کم سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔