کیلیفورنیا :امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس کے شمال میں کاسٹائک لیک کے قریب جنگلات میں ایک نئی آگ بھڑک اٹھی ہے، جس کے نتیجے میں علاقے میں ہنگامی حالات کا اعلان کیا گیا ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق، آگ کے شعلے تیزی سے پھیل رہے ہیں اور قریبی پہاڑیوں تک پہنچ چکے ہیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر تقریباً 25 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں، غیر متوقع حالات سے بچنے کے لیے 500 قیدیوں کو دیگر جیلوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
آگ کی شدت میں اضافے کی ایک اہم وجہ تیز ہوائیں بتائی جا رہی ہیں، جو دو گھنٹوں میں تقریباً پانچ ہزار ایکڑ رقبے کو آگ کی لپیٹ میں لے چکی ہیں۔
لاس اینجلس کاؤنٹی فائر ڈپارٹمنٹ اور اینجلس نیشنل فارسٹ کے عملے کی جانب سے آگ بجھانے کی بھرپور کوششیں جاری ہیں۔ فضا سے آگ پر قابو پانے کے لیے ہیلی کاپٹرز اور چھوٹے طیارے بھی امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ 7 جنوری کو اسی علاقے میں لگنے والی ایک بڑی آگ پر تاحال مکمل قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔ اس آگ نے اب تک تقریباً 40 ہزار ایکڑ رقبے کو راکھ میں بدل دیا ہے، جب کہ کم از کم 27 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ فائر فائٹرز کو اب بھی اس آگ پر قابو پانے میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔