اسلام آباد/واشنگٹن:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا حالیہ خطاب عالمی امن کے قیام اور تنازعات کے حل کی جانب ایک حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔ ان کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ دنیا کے لیے امن اور امید کی علامت بن رہے ہیں۔
واشنگٹن میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے امریکی کانگریس کے اراکین جو ولسن اور روب بریسنہان سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں پاک امریکا تعلقات کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقاتوں کے دوران وزیر داخلہ نے پاکستان اور امریکا کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کانگریس مین جو ولسن اور روب بریسنہان کو پاکستان کے دورے کی باضابطہ دعوت دی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں، اور امریکا پاکستان کا ایک اہم اسٹریٹجک شراکت دار ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت میں دونوں ممالک کے تعلقات میں نئی جہت پیدا ہوگی۔
ملاقاتوں میں علاقائی امن، بالخصوص افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاک امریکا تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے تجارتی اور ثقافتی وفود کے تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا۔
اس موقع پر پاکستان اور امریکا کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بات چیت کی گئی، جبکہ امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ بھی موجود تھے۔