اسلام آباد: سپریم کورٹ کے آئینی بینچ میں اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ سے متعلق مقدمے کی سماعت کے دوران جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ آئندہ عام انتخابات سے قبل اس اہم کیس کا فیصلہ سنا دیا جائے گا۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں قائم آئینی بینچ نے کیس کی سماعت کی، جس میں سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
شیخ رشید کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ یہ معاملہ اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کے حق سے متعلق ہے، جس پر عدالت کی توجہ درکار ہے۔
سماعت کے دوران جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ آج وقت کم ہونے کی وجہ سے کیس مکمل طور پر نہیں سنا جا سکتا، تاہم اس اہم مسئلے کو جلد نمٹایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ابھی انتخابات کے انعقاد کا کوئی شیڈول نہیں، اس لیے مقدمے کی سماعت کے لیے وقت مقرر کیا جا سکتا ہے۔
مسکراتے ہوئے جسٹس جمال مندوخیل نے یقین دلایا کہ آئندہ انتخابات سے پہلے کیس کا فیصلہ سنا دیا جائے گا۔ عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت دو ہفتوں بعد مقرر کر دی۔
اس کے ساتھ ہی عدالت نے اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کے حوالے سے مقدمے کی سماعت ملتوی کر دی۔