ترکیہ: پہاڑی ہوٹل میں آتشزدگی سے 76 ہلاک، درجنوں زخمی
ترکیہ کے پہاڑی علاقے بولو کے مشہور اسکی ریزورٹ ہوٹل میں آگ لگنے سے 76 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
آگ رات تقریباً ساڑھے تین بجے ہوٹل کے ریسٹورنٹ سے شروع ہوئی اور تیزی سے پھیل گئی۔ مہمانوں نے جان بچانے کے لیے کھڑکیوں سے چھلانگیں لگائیں اور چادروں کی مدد سے نیچے اترنے کی کوشش کی، مگر بدقسمتی سے کئی افراد زخمی ہو گئے۔ ایک عینی شاہد نے کہا کہ یہ منظر قیامت جیسا تھا۔
فائر بریگیڈ اور ایمبولینس فوری طور پر موقع پر پہنچیں۔ حکام کے مطابق آگ پر قابو پالیا گیا ہے اور سرچ آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے۔ حادثے کے وقت ہوٹل میں 238 مہمان موجود تھے۔ کچھ لاشوں کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ سے کی جا رہی ہے۔
صدر رجب طیب اردوان نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایک دن کے قومی سوگ کا اعلان کیا۔ وزیر داخلہ علی یرلیکایا کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، اور اس سلسلے میں 9 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
پولیس اور پراسیکیوشن آگ لگنے کے اسباب کا جائزہ لے رہے ہیں، اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ یہ حادثہ ان دنوں پیش آیا جب اسکول کی تعطیلات کے دوران سیاح بولو کے پہاڑی علاقے کا رخ کرتے ہیں۔