پی ایس ایل 10 میں شامل غیر ملکی کھلاڑیوں کی خوشیاں دوبالا ہونے والی ہیں، کیونکہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ان کھلاڑیوں کو اضافی رقم ادا کرنے کا فیصلہ کر چکا ہے۔ پی سی بی کی جانب سے ایلیٹ غیر ملکی کھلاڑیوں کو ایک لاکھ ڈالر کی اضافی رقم فراہم کی جائے گی، جو کہ ایک خصوصی فنڈ سے دی جائے گی۔ بھارتی خبر ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق یہ رقم پی سی بی کے خصوصی فنڈ سے ادا کی جائے گی۔
پی ایس ایل ڈرافٹ کے دوران پی سی بی نے فرنچائزز کے لیے ہر غیر ملکی کھلاڑی کی کم از کم قیمت دو لاکھ ڈالر مقرر کی تھی۔ لیکن اس اضافی رقم کا انتظام اس وقت ممکن ہوا جب پی سی بی کی گورننگ کونسل نے کچھ سال پہلے فیصلہ کیا تھا کہ اگر سینٹرل پول کا نیٹ براڈکاسٹ ریونیو تین ارب روپے تک پہنچ جائے، تو ایلیٹ کھلاڑیوں کی ادائیگی کے لیے پانچ لاکھ ڈالر مختص کیے جائیں گے۔ گزشتہ سال یہ رقم استعمال نہ ہو سکی تھی، جس کی وجہ سے اس سال کے لیے یہ رقم بڑھ کر ایک ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
ایک پی سی بی آفیشل کے مطابق اس فنڈ کا استعمال چند ایلیٹ کھلاڑیوں کی ادائیگی کے لیے کیا جائے گا، جنہوں نے پی ایس ایل کے ڈرافٹ کے دوران معاہدے کیے تھے۔ اس میں ڈیوڈ وارنر، ڈیرل مچل، کین ولیمسن، کوربن بوش، مائیکل بریسویل، رسی وین ڈیر ڈسن، فن ایلن، میتھیو شارٹ، شان ایبٹ، ناہید رانا اور لیٹن داس جیسے کھلاڑی شامل ہیں۔
یہ سال پی ایس ایل اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے لیے منفرد ہے کیونکہ دونوں لیگز اس سال ایک ہی ونڈو میں ہوں گی اور ان کا شیڈول آپس میں متوازی رہے گا۔ پی ایس ایل 17 اپریل سے 22 مئی تک جبکہ آئی پی ایل 21 مارچ سے مئی کے آخر تک جاری رہے گی۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل 10 کے ڈرافٹ میں کراچی کنگز نے سب سے زیادہ معاوضے کے ساتھ ڈیوڈ وارنر کو اپنی ٹیم میں شامل کیا تھا، جنہیں 3 لاکھ ڈالر (8 کروڑ 36 لاکھ روپے) کی رقم دی گئی تھی۔ اس سے پہلے پی ایس ایل میں سب سے زیادہ معاوضہ حاصل کرنے والے کھلاڑی کیرون پولارڈ ($250,000) اور اے بی ڈی ویلیئرز ($230,000) تھے۔