امریکا کے ایک پادری، جس نے ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کی پیشگوئی کی تھی، اب اس نے ملک کے حوالے سے ایک اور خوفناک پیشین گوئی کی ہے۔
ریاست اوکلاہوما سے تعلق رکھنے والے پادری برینڈن ڈیل بگس، جنہوں نے پہلے ٹرمپ کے حملے کی پیشگوئی کی تھی، اب امریکا میں ایک بڑے زلزلے کے حوالے سے تباہی کی پیش گوئی کر رہے ہیں۔
پادری بگس نے کہا کہ خدا نے انہیں ایک خوفناک خواب دکھایا ہے جس میں ایک 10 شدت کا زلزلہ امریکا میں تباہی مچائے گا، جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد کی ہلاکت کا امکان ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ زلزلہ نیو میڈرڈ فالٹ لائن سے شروع ہوگا، جو مسوری، آرکنساس، ٹینیسی، کینٹکی اور الینوائے تک پھیلے گا۔ بگس نے مزید بتایا کہ ان کے خواب میں زلزلہ اتنا شدید تھا کہ فالٹ لائن پر 1800 افراد ہلاک ہوگئے، اور سینڈ بلاکس پر موجود تمام گھروں کو مکمل طور پر تباہ کردیا گیا۔
پادری بگس نے یہ بھی کہا کہ اس زلزلے کے نتیجے میں دریائے مسیسیپی کا رخ بھی بدل جائے گا۔
یاد رہے کہ 14 مارچ 2023 کو پادری بگس نے ایک یوٹیوب ویڈیو میں کہا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک قاتلانہ حملے کا سامنا ہوگا، جس میں گولی ان کے کان سے چھو کر گزرے گی۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس دوران انہوں نے ٹرمپ کو گھٹنوں کے بل گرتے اور خدا کی عبادت کرتے دیکھا تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ چند ماہ بعد ہی پنسلوانیا میں ایک ریلی کے دوران ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ ہوا، جس میں ایک گولی ان کے دائیں کان سے چھو کر گزر گئی۔ حملہ آور، تھامس میتھیو کروکس، نے بندوق سے فائر کیا تھا، لیکن سیکورٹی اہلکاروں نے فوری طور پر اس کو ہلاک کر دیا۔