حکومت کا پاکستان میں کرپٹو کرنسی کو متعارف کرانے کا فیصلہ
اسلام آباد:وفاقی حکومت نے پاکستان میں کرپٹو کرنسیز اور بلاک چین ٹیکنالوجی کی ریگولیشن کے لیے تجاویز کا جائزہ لینے کا آغاز کر دیا ہے، اور جلد ہی اس سلسلے میں نئے قوانین متعارف کرائے جائیں گے۔ وفاقی حکومت جلد ہی کرپٹو کرنسیز اور بلاک چین ٹیکنالوجی کے حوالے سے قوانین ترتیب دینے کے لیے "ورچوئل ایسٹس بل 2025” پیش کرے گی۔
ذرائع کے مطابق، حکومتی جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر ڈاکٹر افنان اللہ خان نے اس بل کو "ورچوئل ایسٹس بل 2025” کے نام سے پیش کیا ہے۔
اس مجوزہ قانون کا مقصد یہ ہے کہ وہ صرف کرپٹو کرنسیز اور ورچوئل ایسٹس کے استعمال، تجارت اور ان کے ضوابط کو یقینی بنائے گا، بلکہ پاکستانی روپے کی پشت پناہی میں ایک نئی ڈیجیٹل کرنسی بھی متعارف کروائی جائے گی، جسے اسٹیٹ بینک کے قوانین کے تحت قانونی حیثیت ملے گی۔
اس بل کا بنیادی ہدف پاکستان میں ورچوئل ایسٹس کی متعارف کرانا، تجارت اور ان کے استعمال کو قانونی دائرے میں لانا ہے۔ اس کے تحت "ورچوئل ایسٹ زونز” کا قیام عمل میں لایا جائے گا، جو مالی استحکام، سرمایہ کاروں کے تحفظ، غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام، اور ڈیجیٹل روپے کو قانونی حیثیت دینے کے لیے لازم اقدامات کریں گے۔
زرائع کے مطابق، بل میں ورچوئل کرنسی ایکسچینجز، ورچوئل ایسٹ پرووائیڈرز، اور ورچوئل کرنسی زونز کی رجسٹریشن اور لائسنسنگ کے لیے معیارات اور رہنما اصول فراہم کیے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں، منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے خلاف قوانین کی پاسداری بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔
یہ بل ورچوئل کرنسی مارکیٹ میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کی باقاعدہ آڈٹ اور رپورٹنگ کا نظام بھی نافذ کرے گا، جس سے مالیاتی نظام میں عوام کا اعتماد بڑھ سکے گا۔ بل کے تحت "نیشنل ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری کمیشن” کے قیام کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
یہ کمیشن ورچوئل ایسٹس کی افادیت، خطرات، اور کمزوریوں کا جائزہ لے گا، اور ملک میں ان کے منظم کرنے کے لیے قانونی اور ریگولیٹری ڈھانچہ ترتیب دے گا۔ کمیشن ورچوئل ایسٹ زونز، کرنسی ایکسچینجز، اور ورچوئل ایسٹ سروس پرووائیڈرز کی رجسٹریشن اور نگرانی بھی کرے گا۔ اس کے علاوہ، پاکستان میں روپے کی پشت پناہی سے جاری ہونے والے ورچوئل ایسٹس کی جانچ اور معیار کو برقرار رکھنے کی ذمہ داری بھی اس پر ہوگی، اور خلاف ورزی کی صورت میں جرمانے عائد کیے جائیں گے۔ یہ بل پاکستان کے مالیاتی نظام میں جدیدیت لانے کی ایک اہم کوشش ہے اور مستقبل میں ورچوئل کرنسیز کو قانونی دائرے میں لانے کی راہ ہموار کرے گا۔