بھارتی پنجابی گلوکار جیسی گِل نے جلد پاکستان کا دورہ کرنے کا اعلان کیا ہے، جس سے ان کے پاکستانی مداح بے حد خوش ہیں۔
یہ اعلان جیسی گِل نے دنیا ٹی وی کے پروگرام ’مذاق رات‘ میں ایک پاکستانی مداح سے فون پر بات کرتے ہوئے کیا۔
شو کے دوران، ایک لڑکی، جو جیسی گِل کی بہت بڑی مداح تھیں، اپنی اور گلوکار کی بنائی ہوئی تصویر لے کر آئیں۔ انہوں نے میزبان عمران اشرف سے درخواست کی کہ وہ ان کی جیسی گِل سے فون پر بات کروا دیں۔
عمران اشرف نے مداح کی خواہش پوری کرنے کے لیے جیسی گِل کو کینیڈا میں کال کی۔ گلوکار نے فوراً کال اٹینڈ کی اور مداح سے پنجابی، اردو، اور ہندی زبان میں بات چیت کی۔
جیسی گِل سے بات کرتے ہوئے لڑکی جذباتی ہو گئیں اور خوشی کے آنسو بہانے لگیں۔ اس دوران گلوکار نے ان سے خوش دلی سے گفتگو کی اور پاکستان آنے کی خوشخبری دی۔
فون پر بات کرتے ہوئے جیسی گِل نے کہا کہ وہ جلد پاکستان آئیں گے۔ گلوکار نے عمران اشرف اور مداح سے درخواست کی کہ ویڈیو کو سوشل میڈیا پر شیئر کریں اور انہیں مینشن بھی کریں۔
مداحوں نے اس ویڈیو کو خوب پسند کیا، اور عمران اشرف کو مداح کی خواہش پوری کرنے پر سراہا۔