اسلام آباد:ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے واضح طور پر کہا ہے کہ پاکستان کی سلامتی سے متعلق فیصلے صرف پاکستانی عوام کریں گے اور ان پر کسی بیرونی دباؤ یا پابندی کا اثر نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ماضی میں بھی مختلف پابندیوں کا سامنا کر چکا ہے، لیکن ان پابندیوں سے ملک کی سلامتی پر کبھی اثر نہیں پڑا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مستقبل میں بھی پاکستان اپنی سیکیورٹی کے معاملے میں مکمل خودمختاری سے فیصلے کرتا رہے گا۔
ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے پاکستانی میزائل پروگرام پر لگائی گئی پابندیاں بلاجواز اور غیر منصفانہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پابندیاں پاکستان کے دفاعی فیصلوں کو متاثر نہیں کریں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں ہتھیاروں کی دوڑ کا آغاز بھارت نے کیا تھا، اس لیے عالمی طاقتوں کو بھارت کے خلاف سخت اقدامات اٹھانے چاہییں تاکہ خطے میں طاقت کا توازن برقرار رکھا جا سکے۔
یورپی یونین کی جانب سے فوجی عدالتوں کے فیصلوں پر اٹھائے گئے اعتراضات پر انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین اور عدالتی نظام ان مسائل کو حل کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ پاکستانی قوم اپنے اندرونی مسائل کو خود حل کرنے کی اہلیت رکھتی ہے اور کسی بیرونی مداخلت کی ضرورت نہیں۔ ممتاز زہرا بلوچ نے واضح کیا کہ پاکستان کے تمام فیصلے قومی مفاد میں کیے جاتے ہیں اور کسی بیرونی دباؤ کو قبول نہیں کیا جائے گا۔