2024 میں وفاقی حکومت کے قرضوں میں 3 ہزار 919 ارب روپے اضافہ
اسلام آباد: 2024 میں وفاقی حکومت کے قرضوں میں مجموعی طور پر 3 ہزار 919 ارب روپے کا اضافہ ہوا، جبکہ مرکزی حکومت کے غیر ملکی قرضوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق 2024 میں وفاقی حکومت کے مقامی قرضوں میں 4 ہزار 632 ارب روپے کا اضافہ ہوا، جبکہ غیر ملکی قرضوں میں 710 ارب روپے کی کمی آئی۔
اکتوبر 2024 تک کے دستیاب حکومتی ڈیٹا کے مطابق کل حکومتی قرضہ 69 ہزار 114 ارب روپے تک پہنچ گیا۔ تاہم، نومبر اور دسمبر کے اعداد و شمار ابھی تک سامنے نہیں آئے ہیں۔ اکتوبر کا مہینہ ختم ہونے تک وفاقی حکومت کا مقامی قرضہ 47 ہزار 231 ارب روپے تھا اور اس کے مقابلے میں غیر ملکی قرضہ 21 ہزار 884 ارب روپے تھا۔
سٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق دسمبر 2023 میں وفاقی حکومت کا مجموعی قرضہ 65 ہزار 195 ارب روپے کا تھا، جس میں مقامی قرضہ 42 ہزار 595 ارب روپے اور غیر ملکی قرضہ 22 ہزار 600 ارب روپے کا تھا۔
پچھلے ہفتے شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق، شہباز حکومت کے ابتدائی 8 مہینوں میں قرضوں میں اضافہ ہوا۔ مارچ سے اکتوبر 2024 تک وفاقی حکومت کے قرضوں میں 4 ہزار 304 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ شہباز حکومت کے ابتدائی 8 ماہ میں یہ اضافہ نگران حکومت کے بعد ہوا تھا، کیونکہ نگران حکومت کے 6 ماہ (ستمبر 2023 سے فروری 2024) کے دوران قرضے میں صرف 840 ارب روپے کا اضافہ ہوا تھا۔