پی آئی اے کی نجکاری کے مراحل تیزی سے جاری، جلد خوشخبری کی توقع
اسلام آباد:وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کے حوالے سے امور تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں اور جلد ہی ایک خوشخبری سننے کو ملے گی۔
نجکاری، سرمایہ کاری بورڈ اور مواصلات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سے یورپ کے لیے پی آئی اے کی پروازوں کا آغاز ایک مثبت پیش رفت ہے۔ یہ فلائٹ آپریشن پی آئی اے کی نجکاری کے عمل میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جس سے عوام میں یہ اعتماد بحال ہوا ہے کہ وہ یورپ کے لیے پی آئی اے پر سفر کر سکیں گے۔
عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ جلد ہی پی آئی اے کو برطانیہ اور امریکہ کے لیے بھی آپریشنل کرنے کی خوشخبری دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پی آئی اے کی نجکاری میں حائل تمام رکاوٹیں دور ہو چکی ہیں اور اب مراحل تیزی سے طے ہو رہے ہیں۔ آئی ایم ایف نے پی آئی اے کی فروخت کے حوالے سے دو اہم معاملات کی منظوری دے دی ہے۔
وفاقی وزیر کے مطابق نئے طیاروں کی خریداری پر 18 فیصد سیلز ٹیکس ختم کر دیا گیا ہے اور پی آئی اے کے تمام نقصانات کو ایک ہولڈنگ کمپنی میں منتقل کر دیا جائے گا۔ اس طرح، قومی ایئر لائن کسی پرانی واجب الادا رقم کے بوجھ کے بغیر فروخت کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ان اصلاحات کے نتیجے میں "انویسٹرز” کے لیے پی آئی اے کو خریدنا زیادہ پرکشش بن جائے گا اور نجکاری کے عمل کی تکمیل جلد ممکن ہو سکے گی۔