50 فیصد کرپشن کا خاتمہ کر لیں تو آئی ایم ایف کی ضرورت نہیں:خواجہ آصف
سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرپشن کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے اور اگر ہم 50 فیصد کرپشن بھی ختم کر لیں، تو ملک کو آئی ایم ایف کی مدد کی ضرورت نہیں رہے گی، بلکہ ہم ترقی کی راہوں پر گامزن ہو جائیں گے۔
سیالکوٹ میں ایوان صنعت و تجارت کے صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے مزید کہا کہ ملک گزشتہ ایک سال سے آئی ایم ایف کے دباؤ میں ہے، تاہم ہمیں اپنے ملک میں استحکام لانے کی ضرورت ہے۔ پالیسی ریٹ میں نو فیصد کمی نے بھی معاشی بہتری کی توقعات پیدا کی ہیں۔
وزیر دفاع نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ ہمارے خطے میں پیدا ہونے والے مسائل کا براہ راست اثر پاکستان پر پڑتا ہے۔ انہوں نے ایوان صنعت و تجارت کے مسائل سے آگاہی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ کے شہر کا ثقافتی منظر نامہ قابل ذکر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پرائیویٹ شراکت داری کی بنیاد پر ایئرپورٹ اور ایئر لائنز کے قیام کی یہ مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی۔
خواجہ آصف نے یہ بھی بتایا کہ انہیں گزشتہ تین سے چار ماہ سے پورٹ شپ کی ٹاسک فورس کا چیئرمین بنایا گیا ہے۔ وہ اس بات سے آگاہ ہیں کہ ایک کنٹینر کو چلانے میں تقریباً چھ گھنٹے کا وقت لگتا ہے، اور گاڑیوں کے ٹریکرز کی تبدیلی کے مسائل بھی سامنے ہیں۔
مزید یہ کہ وزیر ہوا بازی نے پاکستانی ایئر لائنز کے حوالے سے خوشخبری سنائی، اور کہا کہ سال نو کے آغاز سے ایئر سیال، ایئر بلیو اور فلائی جناح کو دبئی کے تمام ایئر پورٹس پر لینڈ کرنے کی اجازت ملے گی۔