مسئلہ حل، پاکستان اور بھارت ہائبرڈ ماڈل کے تحت کھیلنے پر متفق
دبئی:پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور بھارتی بورڈ (بی سی سی آئی) کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت، آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی سمیت آئندہ 2024 سے 2027 تک تمام کرکٹ ایونٹس کے لیے ’’ہائبرڈ ماڈل‘‘ کو نافذ کیا جائے گا۔
چیمپئینز ٹرافی 2025 کے بعد سے 2027 تک ہونے والے تمام آئی سی سی ایونٹس (جو بھارت میں منعقد ہوں گے)، ان میں پاکستان کے میچز نیوٹرل وینیو پر ہوں گے اور پاکستانی ٹیم بھارت کا دورہ نہیں کرے گی۔ دونوں بورڈز نے آئی سی سی کے مشروط معاہدے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔
اس معاہدے کے مطابق، 2025 میں بھارت میں ہونے والے خواتین کے ون ڈے ورلڈکپ، مردوں کی چیمپئینز ٹرافی اور ٹی20 ورلڈکپ جیسے ایونٹس میں بھی پاکستان اور بھارت کے میچز نیوٹرل مقام پر ہوں گے۔
اس کے علاوہ، پاکستان کے لیے ایک سہ فریقی سیریز بھی شیڈول کی جائے گی تاکہ چیمپئینز ٹرافی کے دوران پاکستانی بورڈ کو حاصل ہونے والی گیٹ منی یا معاوضے کی رقم فراہم کی جا سکے۔
معاہدے کی بنیاد پر، پاکستان کو 2028 میں ٹی20 ویمنز ورلڈکپ کی میزبانی بھی مل سکتی ہے۔