بھارت کے اسٹار اسپنرنے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا
نئی دہلی:بھارت کے اسٹار اسپنر، روی چندرن ایشون نے انٹرنیشنل کرکٹ سے اپنے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان انہوں نے برسبین میں آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کے اختتام پر، کپتان روہت شرما کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس میں کیا۔
روی چندرن ایشون نے اس موقع پر کہا، "کرکٹ کے اس سفر میں جس نے بھی میرا ساتھ دیا، خاص طور پر بی سی سی آئی، ویرات کوہلی، روہت شرما، اجنکیا رہانے اور چتیشور پجارا کا شکر گزار ہوں۔” انہوں نے مزید کہا، "آج تمام فارمیٹس میں بطور کرکٹر میرا آخری دن ہے۔ اپنے کیریئر کے دوران بہت کچھ سیکھا اور انجوائے کیا، بہت سی یادگار باتیں ہیں اور آج کا ریٹائرمنٹ کا لمحہ میرے لیے بہت جذباتی ہے۔”
دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ایشون کی خدمات کو سراہا اور ان کے ریٹائرمنٹ پر خراج تحسین پیش کیا۔ بورڈ نے اپنے سوشل میڈیا پیغامات میں کہا کہ ایشون کے شاندار کیریئر کو مبارکباد دی جاتی ہے۔
ایشون نے اپنے کرکٹ کیریئر میں 106 ٹیسٹ میچز میں بھارت کی نمائندگی کی، جن میں انہوں نے 537 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ، انہوں نے 116 ون ڈے اور 65 ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیلے۔