علما کو لڑانے والے ناکام ہوں گے، مولانا فضل الرحمان
اسلام آباد:جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ مدارس کے مخالفین اپنی کوششوں میں ناکام ہوں گے کیونکہ ان کا موقف آئینی، قانونی اور اصولی طور پر کمزور ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے جامعہ اسلامیہ میں طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ مدارس کے سامنے آج مشکلات ہیں، لیکن اللہ کی مدد سے ان مسائل کا حل نکلے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مدارس کے مخالفین کا موقف کمزور ہے اور وہ علما کو آپس میں لڑانے کی کوشش کر رہے ہیں، حالانکہ علما سب بھائی ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اتحاد تنظیمات مدارس دینیہ نے مختلف مکاتب فکر کو اپنے ساتھ ملایا ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اصل دشمن وہ ہے جو ہمارے درمیان تفریق پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔