پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان کل سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز کی ٹرافی کی رونمائی
پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان تین میچز کی ون ڈے سیریز کا پہلا میچ کل سے شروع ہو رہا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد اب دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔ پہلا ون ڈے میچ کل بولینڈ پارک میں کھیلا جائے گا۔
پیر کو پہلے ون ڈے میچ کی تیاری کے سلسلے میں پاکستانی کھلاڑیوں نے پریکٹس سیشن کیا۔ اس دوران سیریز کی ٹرافی کی رونمائی بھی کی گئی، جس میں پاکستانی کپتان محمد رضوان اور جنوبی افریقی کپتان ٹیمبا باووما نے شرکت کی۔
جنوبی افریقا کے کپتان ٹیمبا باووما ورک لوڈ کی وجہ سے پہلے ون ڈے میں شرکت نہیں کریں گے، اور ان کی جگہ ایڈم مارکرم ٹیم کی قیادت کریں گے۔
اب تک پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان 83 ون ڈے میچز کھیلے جا چکے ہیں، جن میں جنوبی افریقا نے 52 میچز جیتے ہیں، جبکہ پاکستان نے 30 میچز جیتے ہیں اور ایک میچ کا فیصلہ نہیں ہو سکا۔
یہ بھی یاد رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کا انعقاد بارش کی وجہ سے نہیں ہو سکا تھا، جس کے بعد جنوبی افریقا نے تین میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز 0-2 سے اپنے نام کر لی تھی۔