نادرا نے پانچ سال میں 71 ہزار سے زائد شناختی کارڈ بلاک کیے، رپورٹ جاری
اسلام آباد:نادرا کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ پانچ برسوں میں 71 ہزار سے زائد شناختی کارڈ بلاک کیے گئے۔ سب سے زیادہ شناختی کارڈ خیبر پختونخوا سے بلاک کیے گئے، جن کی تعداد 25 ہزار 981 ہے، جبکہ بلوچستان سے 20 ہزار 583 شناختی کارڈز بلاک کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب میں 13 ہزار 564، سندھ میں 9 ہزار 677، اسلام آباد میں 1 ہزار 370، گلگت بلتستان میں 228، اور آزاد کشمیر میں 446 شناختی کارڈ بلاک کیے گئے۔
نادرا نے تصدیقی عمل کے بعد 44 ہزار 460 شناختی کارڈ دوبارہ بحال کیے جبکہ 13 ہزار 618 شناختی کارڈز کی تحقیقات اب بھی جاری ہیں۔
یہ اعداد و شمار شناختی کارڈز کے تصدیقی عمل میں شفافیت کو یقینی بنانے اور مشکوک کیسز کو روکتے ہوئے نادرا کے کردار کو نمایاں کرتے ہیں۔