شاہین آفریدی نے ٹی 20 انٹرنیشنلز میں 100 وکٹیں مکمل کر لیں
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں 100 وکٹیں مکمل کر کے نیا سنگ میل عبور کر لیا۔ یہ کارنامہ انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف ڈربن میں 3 میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں انجام دیا۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 184 رنز کا ہدف دیا، جس کے تعاقب میں گرین شرٹس کی بیٹنگ جاری ہے۔ اس میچ میں شاہین آفریدی نے اپنی 100 وکٹیں مکمل کر لیں۔
شاہین آفریدی پاکستان کے تیسرے باؤلر ہیں جنہوں نے ٹی 20 انٹرنیشنلز میں 100 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ ان سے پہلے حارث رؤف اور شاداب خان یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔
اس کے علاوہ شاہین آفریدی نے ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کیا ہے۔ وہ پاکستان کے پہلے کرکٹر ہیں جنہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ کے تینوں فارمیٹس (ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20) میں 100 یا اس سے زیادہ وکٹیں حاصل کی ہیں۔
شاہین آفریدی نے ٹیسٹ کرکٹ میں 116 اور ون ڈے کرکٹ میں 112 وکٹیں حاصل کیں، اور اب ٹی 20 کرکٹ میں بھی 100 وکٹوں کا ہدف مکمل کر لیا ہے۔ یہ شاہین کی محنت اور شاندار کارکردگی کا ثبوت ہے اور پاکستانی کرکٹ کے لیے ایک بڑا اعزاز بھی۔