بھارت کے علاقے کرناٹکا میں ایک ماں نے انتہائی قدم اٹھاتے ہوئے اپنے ایک ماہ کے نومولود کو قرض کی ادائیگی کے لیے فروخت کردیا۔ یہ افسوسناک واقعہ رام نگر میں پیش آیا جہاں شوہر نے بیٹے کی گمشدگی پر پولیس سے رابطہ کیا اور اپنی بیوی پر شک ظاہر کیا۔
پولیس کے مطابق یہ جوڑا مزدوری کرکے گزر بسر کرتا ہے اور ان کے پانچ بچے ہیں۔ شوہر نے بتایا کہ ان پر 3 لاکھ روپے کا قرض ہے۔ چند دن پہلے بیوی نے بچے کو فروخت کرنے کا مشورہ دیا تھا جس پر شوہر نے سختی سے منع کردیا۔ تاہم جب نومولود گھر میں نہیں ملا تو بیوی سے استفسار کیا گیا جس پر اس نے جھوٹ بولا کہ بچہ رشتے دار کے ساتھ اسپتال گیا ہے۔
شوہر کی شکایت پر پولیس نے خاتون سے پوچھ گچھ کی۔ خاتون نے پہلے گمراہ کرنے کی کوشش کی لیکن بعد میں اعتراف کرلیا کہ اس نے اپنے بچے کو بنگلورو کی ایک خاتون کو ڈیڑھ لاکھ روپے میں بیچ دیا ہے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بچے کو بازیاب کرلیا اور ماں کو گرفتار کرلیا۔