گاؤں والے کنویں سے آنے والی آواز کو بھوت کی سمجھ بیٹھے،آواز کس کی تھی؟
ایک گاؤں میں مقامی افراد نے قریبی جنگل سے عجیب و غریب چیخیں سنیں
تھائی لینڈ میانمار کی سرحد کے قریب ایک عجیب و غریب واقعہ میں ایک چینی باشندہ تین دن تک کنویں میں پھنسا رہا اور مدد کیلئے آوازیں لگاتا رہا لیکن مقامی لوگ اسے بھوت کی آواز سمجھتے رہے۔
تھائی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں ممالک کی سرحد پر موجود ایک گاؤں میں مقامی افراد نے قریبی جنگل سے عجیب و غریب چیخیں سنیں لیکن انہوں نے اسے بھوت کی آوازوں کے طور پر لیا اور تین دن تک اس سے دور رہے۔
مقامی افراد اس وقت تک مدد کیلئے نہیں گئے جب تک پولیس نے ریسکیو اہلکاروں کو جنگل کی طرف روانہ نہیں کیا۔
انڈیپنڈنٹ نے رپورٹ کیا کہ عملے نے آواز کا پتہ لگایا اور 22 سالہ لیو چوانی کو 12 میٹر گہرے کنویں کے نیچے پھنسا ہوا پایا۔ ریسکیو آپریشن 30 منٹ تک جاری رہا۔
مسٹر چوانی کو جب کنویں سے نکالا گیا تو وہ کمزور حالت میں تھا اور تین دن اور راتوں تک بغیر خوراک اور پانی کے پھنسے رہنے کے بعد وہ شدید زخمی تھا جسے طبی امداد کے لیے ہسپتال پہنچایا گیا۔