پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے صوبے میں چھوٹے اور درمیانے کاروبار کو بڑھانے کے لیے "کاروبار کارڈ اسکیم” شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اسکیم کا مقصد نوجوانوں کو خود روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور تجارتی سرگرمیاں بڑھانا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیرِ صدارت ایک اجلاس میں "چیف منسٹر آسان کاروبار فنانسنگ اسکیم” پر تفصیل سے غور کیا گیا، جس کے تحت ایک لاکھ سے دس لاکھ روپے تک کے قرضے دیے جائیں گے۔ اس اسکیم میں درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے تین کروڑ روپے تک قرض فراہم کرنے کی تجویز بھی ہے۔
اس منصوبے میں چھوٹے اور درمیانے کاروباروں کو ترجیح دی گئی ہے، اور بڑے شہروں میں صنعتی علاقے بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ نوجوان کاروباری افراد کو بغیر سود کے قرضے دیے جائیں گے، اور قرض واپس کرنے کے لیے پانچ سال کا وقت دیا جائے گا، جس میں پہلی قسط کی ادائیگی سے پہلے تین ماہ کی مہلت بھی ہوگی۔
اجلاس میں منتخب تجارتی شعبوں کو ترجیحی بنیادوں پر قرض دینے کی تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ اس کے علاوہ، کاروبار کارڈ کو مخصوص مقاصد کے لیے استعمال نہ کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں، جن میں ریسٹورنٹس اور دیگر 10 شعبے شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ اسکیم کے لیے جامع منصوبہ جلد تیار کر کے پیش کیا جائے تاکہ اس منصوبے کو جلد عمل میں لایا جا سکے