عدالت نے بائیکیا رائیڈر کے قتل میں ملوث مجرم منیر احمد کو موت تک پھانسی پر لٹکانے کی سزا سنا دی ہے۔ یہ فیصلہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج فیصل رشید کی عدالت میں سنایا گیا، جہاں مجرم کو ڈکیتی اور قتل کے گھناؤنے جرم میں مجرم قرار دیا گیا۔
مجرم نے بائیکیا موٹر سائیکل بک کرنے کے بعد راستے میں ڈکیتی کی اور رائیڈر کو بے رحمی سے قتل کر دیا۔ عدالت نے قتل کے جرم میں مجرم کو موت کی سزا کے ساتھ 5 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔
عدالتی فیصلے میں واضح کیا گیا کہ مجرم کو پھانسی کے پھندے پر لٹکایا جائے اور تب تک لٹکایا جائے جب تک اس کی موت واقع نہ ہو۔ جج نے ریمارکس دیے کہ بائیکیا رائیڈر کے ساتھ ڈکیتی اور قتل ایک ناقابل معافی اور گھناؤنا جرم ہے، جس کے لیے سخت سزا ناگزیر ہے۔
اس کے علاوہ عدالت نے مجرم کو ڈکیتی کے جرم میں 7 سال قید اور 50 ہزار روپے جرمانہ، جبکہ چھینی گئی موٹر سائیکل کی برآمدگی کے جرم میں 3 سال قید اور مزید 50 ہزار روپے جرمانہ کی سزا بھی سنائی۔