پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ صوبے کی موجودہ حالت ہماری غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے، حالانکہ اس صوبے کے عوام نے پورے پاکستان میں امن قائم کرنے کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔
علی امین گنڈاپور نے اقرا یونیورسٹی کے کانوکیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے تعلیمی اداروں پر زور دیا کہ وہ طلبہ کی بہتر تربیت کریں تاکہ وہ نہ صرف ملک کی ترقی میں کردار ادا کریں بلکہ اپنے والدین کے لیے سکون کا باعث بنیں۔
انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ زندگی کے چیلنجز کا سامنا کرنے سے نہ گھبرائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کامیابی اور ناکامی زندگی کا حصہ ہیں اور ان سے سبق سیکھنا ایمان کی مضبوطی کا مظہر ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان میں کامیاب ہونے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔
وزیراعلیٰ نے اعتراف کیا کہ صوبے کی موجودہ مشکلات کا ذمہ دار ناقص پالیسیاں ہیں، لیکن اس کے باوجود خیبرپختونخوا کے لوگوں اور سیکیورٹی فورسز نے امن کے قیام کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے اقرا یونیورسٹی کے لیے تین کروڑ روپے کی گرانٹ دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ ڈگریاں انسان کو نہیں بناتیں بلکہ انسان اپنی قابلیت سے ڈگریوں کو معنی دیتا ہے۔ تعلیم کے حقیقی فوائد والدین اور اساتذہ کی عزت سے حاصل ہوتے ہیں۔
اپنی ذاتی زندگی کا ذکر کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وہ ہمیشہ لڑائی سے گریز کرتے رہے ہیں، اور ان کے خلاف درج ایف آئی آرز کو وہ اپنی تعلیمی ڈگریوں کی طرح دیکھتے ہیں۔