پی ٹی آئی رہنماوں نے بشری بی بی کی ترجمان مشعال یوسفزئی کے حالیہ بیانات پر تشویش کا اظہار کر دیا۔پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بشری بی بی کی بہن اور مشعال یوسفزئی کے بیانات پر پارٹی قیادت کو تحفظات ہیں۔عمران خان کو اس معاملے پر مداخلت کرنی چاہئے اور ان چیزوں کو روکنا چاہئے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل مشعال یوسفزئی نے ایک انٹرویو کے دوران دعوی کیا تھا کہ بشری بی بی ڈی چوک پر احتجاج کے لیے واپس جانا چاہتی تھیں تاہم ان کو واپس خیبرپختونخوا لے جایا گیا۔مشعال یوسفزئی کے اس انٹرویو کے بعد وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے انہیں صوبائی کابینہ سے بھی نکال دیا جس کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کیا جا چکا ہے۔مشعال یوسفزئی کو اس سے قبل بھی ایک بار مشیر کے عہدے سے ہٹایا گیا تھا۔