راولپنڈی میں 102 ماحول دوست الیکٹرک بسیں چلانے منصوبہ
راولپنڈی کے شہریوں کے لیے جدید سفری سہولیات فراہم کرنے کی غرض سے پنجاب حکومت نے 102 ماحول دوست الیکٹرک بسیں چلانے کا منصوبہ منظور کر لیا ہے۔
یہ فیصلہ 25 اکتوبر کو صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کی 39ویں میٹنگ میں کیا گیا، جہاں حکومت نے اس منصوبے کی تکمیل کے لیے ایڈمنسٹریٹو منظوری دی۔ منصوبے کو نومبر 2025 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
یہ الیکٹرک بسیں 84 کلومیٹر کے علاقے کو کور کریں گی اور ان کے لیے 10 مختلف روٹس مختص کیے گئے ہیں، تاکہ شہر کے اہم مقامات کو آپس میں مربوط کیا جا سکے۔
منصوبے پر 7 ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی، جن میں سے 4.7 ارب روپے پہلے ہی جاری کیے جا چکے ہیں۔ اس بڑے پیمانے کے منصوبے پر عملدرآمد کی ذمہ داری پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے سپرد کی گئی ہے۔
یہ بس سروس نہ صرف عوام کو جدید اور آرام دہ سفری سہولیات فراہم کرے گی بلکہ فضائی آلودگی کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔ یہ منصوبہ حکومت کی جانب سے ماحولیاتی بہتری کے عزم کا عملی مظہر ہے۔