جمعیت علمائے اسلام کے رہنما حافظ حمداللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان سے پس پردہ معاملات چل رہے ہیں،معاملہ 9 مئی پر اٹکا ہے،انہوں نے اے آر وائی نیوز سے منسلک صحافی نعیم اشرف بٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان ملک سے باہر جانے کو بھی تیار نہیں ہو رہے،یہ ناممکن نہیں کہ بانی پی ٹی آئی سے کوئی بریک تھرو ہو جائے۔
حافظ حمد اللہ نے مزید کہا کہ کچھ تو پتہ تھا جو سب مولانا کے پاس جاتے تھے،وہاں پکوڑے یا حلوہ لینے تو نہیں جاتے تھے۔نوازشریف اور پی پی نے الیکشن میں وہی کیا جو نہ کرنے کا کہتے تھے،نہ حکومت ہے نہ میں ان کے مینڈیٹ کو تسلیم کرتا ہوں۔حکومت نے مدت پوری کی تو یہ ملک کے لیے تباہی کا سامان ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ جے یو آئی کسی صورت بھی فوجی عدالتوں کے حق میں نہیں۔ نور عالم خان جمعیت علمائے اسلام کے ایم این اے ہیں اس لیے انہیں پارٹی فیصلوں کی پاسداری کرنا ہوگی۔اگر نور عالم خان اسکی خلاف ورزی کرتے ہیں تو قیادت اس کا نوٹس لے سکتی ہے۔