پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر عطار تارڑ نے تحریک انصاف کے ڈی چوک میں لاشیں گرانے کے الزام کو مسترد کر دیا۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ بہت افسوس ہے کہ تحریک انصاف لاشوں پر سیاست کر رہی ہے۔ پہلے سنائپر شاٹ، پھر براہ راست فائرنگ کا دعویٰ کیا گیا، لیکن تین دن گزرنے کے باوجود کوئی ویڈیو یا ثبوت پیش نہیں کیا جا سکا۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر پرانی تصاویر اور ویڈیوز، حتیٰ کہ غزہ کے مظالم کی تصاویر شیئر کی گئیں۔ بلیو ایریا کی خون سے لت پت جعلی تصویر چلائی گئی۔ حقیقت یہ ہے کہ نہ کہیں فائرنگ ہوئی، نہ خون دیکھا گیا۔ ان کے جھوٹے بیانیے کو عوام نے مسترد کر دیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ جو شرپسند گرفتار ہوئے ہیں، اُن کا سپیڈی ٹرائل ہوگا، اور اُنہیں منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ تحریک انصاف کا ملک دشمن ایجنڈا بے نقاب ہو چکا ہے۔