لاہور پولیس نے اغوا برائے تاوان کے ایک کیس میں ملوث تین پولیس اہلکاروں اور اسپیشل برانچ کے ایک اہلکار کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ واقعہ چند روز قبل دھرم پورہ انڈر پاس کے قریب پیش آیا تھا، جہاں نعیم ساجد نامی شہری کو اغوا کر لیا گیا تھا۔
نعیم ساجد، جو کام سے واپسی پر اپنے گھر جا رہا تھا، کو چار افراد نے گن پوائنٹ پر اغوا کیا۔اغوا کاروں نے نعیم ساجد کو محمود بوٹی کے علاقے میں قید کر لیا اور اس پر تشدد کیا۔بعد ازاں، ملزمان نے 21 لاکھ روپے کا تاوان وصول کر کے مغوی کو ویلنشیا ٹاؤن کے علاقے میں چھوڑ دیا۔
لاہور پولیس نے وقاص، نعمان، محسن اور ایک اسپیشل برانچ اہلکار کو گرفتار کیا ہے۔ ان ملزمان کے خلاف اغوا، تشدد، اور تاوان وصولی کے مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پولیس کی جانب سے ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جا رہی ہے اور تحقیقات جاری ہیں تاکہ اس گھناؤنی واردات کے دیگر پہلوؤں کو بھی بے نقاب کیا جا سکے۔ مزید یہ کہ پولیس نے ملزمان کے ذریعے تاوان کے پیسوں کی بازیابی کی کوشش بھی شروع کر دی ہے۔